ایرانی وزیر خارجہ کے دورۂ اسلام آباد میں امریکہ سے ملاقات شامل نہیں
پاکستانی قیادت سے امن اور ثالثی پر بات چیت ہوگی۔اسماعیل بقائی کی وضاحت
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ اسلام آباد کے دوران ایران اور امریکا کے حکام کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماعیل بقائی، عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں ایرانی وفد خطے کی صورتحال سے متعلق اپنے مشاہدات پاکستانی قیادت کے ساتھ شیئر کرے گا، جبکہ امریکا کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام پر بھی بات چیت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، اور دونوں ممالک خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کریں گے۔