امریکہ عالمی توانائی منڈیوں پر غلبہ چاہتا ہے۔روسی وزیر خارجہ کا الزام

ایران اور وینزویلا میں امریکی مداخلت کا مقصد تیل پر کنٹرول ہے۔ سرگئی لاروف

               
April 25, 2026 · بام دنیا

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ امریکہ نے مختلف ممالک میں اپنی فوجی مداخلت کا مقصد خود واضح کر دیا ہے، اور یہ اقدامات خاص طور پر ایران اور وینزویلا جیسے تیل سے مالا مال ممالک میں توانائی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

روسی سرکاری ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹرویو میں سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکہ نے کھل کر یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ کوئی ملک اسے احکامات نہیں دے سکتا اور وہ صرف اپنی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔

ان کے مطابق امریکہ اپنی اس پالیسی کو ہر ممکن طریقے سے تحفظ دینے کے لیے تیار ہے، چاہے اس میں بغاوتیں، اغوا یا دیگر سخت اقدامات شامل ہوں، خاص طور پر ان ممالک میں جہاں قدرتی وسائل موجود ہیں جن پر امریکا کی نظر ہے۔

لاروف نے مزید کہا کہ ایران اور وینزویلا کے معاملے میں امریکہ کی پالیسی کا مقصد تیل پر غلبہ حاصل کرنا ہے، کیونکہ واشنگٹن کی ایک واضح حکمت عملی عالمی توانائی منڈیوں میں برتری قائم رکھنا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اس صورتحال کے نتیجے میں بین الاقوامی قانون کی اہمیت کم ہو رہی ہے اور عالمی فیصلے اب “طاقت ہی حق ہے” کے اصول کے تحت کیے جا رہے ہیں۔