سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے۔ فائرنگ کے بعد تحقیقات کا انتظار

سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا تقریب میں سیکورٹی کے انتظامات کافی تھے یا نہیں

               
April 26, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن میں کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور بال روم کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسی دوران ایک اہلکار کو گولی لگی، تاہم وہ خوش قسمتی سے حفاظتی جیکٹ (وَیسٹ) کی وجہ سے محفوظ رہا۔ اہلکار کی حالت مستحکم ہے اور وہ ہوش میں ہے، حتیٰ کہ اس نے صدر سے بھی بات کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا تقریب میں سیکورٹی کے انتظامات کافی تھے یا نہیں، اور یہ کہ حملہ آور صدر کے اتنے قریب کیسے پہنچ سکا۔

سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی حصار نے اپنا کام کیا اور حملہ آور کو بال روم میں داخل ہونے سے روک لیا گیا، جہاں صدر سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔

تاہم 2024 میں پنسلوانیا کے بٹلر میں ہونے والے واقعے کے بعد اب سیکورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اگر یہ حملہ صدر کو نشانہ بنانے کی کوشش تھا تو یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حکام کے مطابق ملزم زیر حراست ہے اور اس سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی، جبکہ واقعے کی مکمل تفصیلات آئندہ سامنے آئیں گی۔