ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی روس پہنچ گئے

سینٹ پیٹرزبرگ میں ’ایران کے سفیر کاظم جلالی،روسی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

               
April 27, 2026 · بام دنیا

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی پیر کی صبح روس کے شمال مغربی شہر سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ’ایران کے سفیر کاظم جلالی اور بعض روسی حکام نے ان کا روس پہنچنے پر استقبال کیا۔

اطلاعات کے مطابق عراقچی ’پرواز میناب 168‘ کے ذریعے روس پہنچے ہیں، واضح رہے کہ یہ وہی پرواز ہے کہ جس پر انھوں نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے پہلے دور میں شمولیت کے لیے ایرانی وفد کے ساتھ پاکستان کا سفر کیا تھا۔

اس پرواز کو ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب کے ایک سکول پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ہلاک ہونے والے بچوں سے منسوب کیا گیا ہے۔

اس دورے کا مقصد ’روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات اور بات چیت‘ بتایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے بڑھا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ روسی قیادت کو حالیہ پیش رفت، جنگ بندی کی کوششوں اور جاری مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے اتوار کے روز مسقط کا دورہ کرنے اور عمانی حکام سے ملاقات کے بعد گزشتہ تین دنوں میں دوسری بار اسلام آباد کا سفر کیا، جہاں ماسکو روانگی سے قبل مختصر قیام کے دوران انھوں نے پاکستانی حکام سے بھی ملاقات کی تھی۔