امریکہ اب ایران سے بات چیت کے لیے وفود نہیں بھیجے گا، ٹرمپ

اگر ایرانی بات کرنا چاہتے ہیں، تو وہ ہمارے پاس آ سکتے ہیں، یا ہمیں فون کر سکتے ہیں,فاکس نیوز کو انٹرویو

               
April 28, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اب ایران سے بات چیت کے لیے مزید وفود نہیں بھیجیں گے۔

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ اگر وہ (ایرانی) بات کرنا چاہتے ہیں، تو وہ ہمارے پاس آ سکتے ہیں، یا ہمیں فون کر سکتے ہیں,  اگر وہ چاہیں تو ہم بات کر سکتے ہیں۔ لیکن ہم 18 گھنٹے کا سفر کر کے لوگوں کو ملاقات کے لئے نہیں بھیج رہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان کا بہت احترام کرتے ہیں جو اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر رہا تھا اور یہ کہ پاکستان اس عمل میں شامل رہے گا۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر دہرایا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر وہ چاہیں تو ہمیں فون کر سکتے ہیں۔ لیکن پھر سے، وہ جانتے ہیں کہ معاہدے میں کیا ہونا چاہیے۔ بہت سادہ سی بات ہے کہ ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ ورنہ ملاقات کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘

ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ اور معاندانہ اقدامات اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں اور دوبارہ مذاکرات کی جانب پیش رفت کو مزید مشکل بنا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے مذاکرات جاری نہیں رکھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سفارت کاری کے لئے “ضروری ماحول کو خراب” کرتے ہیں۔