بحرین میں ایران کے لیے جاسوسی کے جرم میں 5 افراد کو عمر قید

مبینہ کارروائیوں میں تعاون کرنے پر 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

               
April 28, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

منامہ:بحرین میں ایران کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور دشمنی پر مبنی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں 5 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

بحرینی پراسیکیوٹر کے مطابق، عمر قید پانے والوں میں 2 افغان شہری اور 3 بحرینی شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 25 افراد کو ایران کی پشت پناہی میں کی جانے والی ان مبینہ کارروائیوں میں تعاون کرنے پر 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

بحرین کی پبلک پراسیکیوشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر جاری ایک بیان میں واضح کیا کہ بیرونی دشمن ریاستوں (ایران) کے ساتھ رابطہ کرنا قومی سلامتی کے خلاف سنگین ترین جرائم میں شمار ہوتا ہے۔

یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے دوران ایران اور بحرین کے تعلقات انتہائی حساس موڑ پر ہیں۔ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن مریم الخواجہ کے مطابق، یہ پہلا ایسا مقدمہ ہے جس میں بحرین میں لوگوں پر ایران کے ساتھ جاری موجودہ جنگ (War on Iran) کے تناظر میں چارجز عائد کیے گئے ہیں۔

ملزمان پر الزام ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مل کر بحرین کی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ریاست کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش یا غیر ملکی مداخلت سے نمٹنے کے لیے قانون کے مطابق سخت ترین اقدامات جاری رکھیں گے۔