اورکزئی میں طوفانی بارشیں۔ درجنوں گھرپانی میں بہہ گئے
پشاور، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارشیں،کئی مقامات پر بجلی معطل
ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشوں کے باعث شدید تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔ مشتی میلہ کے علاقے میں سیلابی ریلوں نے درجنوں دکانوں اور گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں متعدد املاک پانی میں بہہ گئیں۔
سیلابی ریلے کے راستے میں آنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بہہ گئیں، جس سے مقامی آبادی کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب پشاور مالاکنڈ اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ جبکہ لاہور میں تیز آندھی کے بعد بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اسی طرح بہاولنگر اور گجرات سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار مگر نظام زندگی متاثر رہا۔