برطانیہ میں پرتشدد واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔ ایرانی سفارتخانہ
بظاہر محدود سیاسی مقاصد کے لیے عوامی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ بیان
لندن میں ایران کے سفارتخانے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے برطانیہ میں “من گھڑت منفی میڈیا ماحول” پر تنقید کی ہے اور ایران کو برطانیہ میں پرتشدد واقعات سے جوڑنے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
سفارتخانے نے ایکس پر طویل بیان میں کہا کہ “اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ایسے بے بنیاد الزامات کے پاس کوئی ٹھوس شواہد نہیں، اور یہ بظاہر محدود سیاسی مقاصد کے لیے عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور دہشت گردی و شدت پسندی کی اصل وجوہات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا “بنیادی شکار” رہا ہے، جہاں بڑی تعداد میں “بے گناہ شہری، اعلیٰ حکام اور سائنسدان” قتل کیے گئے، اور تہران عالمی سطح پر دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد میں صفِ اول میں ہے۔
مزید کہا گیا کہ سفارتخانے نے ماضی کی سرکاری خط و کتابت اور ملاقاتوں میں متعلقہ حکام کے سامنے بعض مشکوک سرگرمیوں اور برطانیہ کی سرزمین پر ممکنہ “فالس فلیگ” کارروائیوں کے خدشات بھی اٹھائے تھے۔