امریکہ کا خلیجی اتحادیوں کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کافیصلہ
ڈھائی ارب ڈالر مالیت کا جدید بیٹل کمانڈ سسٹم ، متعلقہ آلات فراہم کیے جائیں گے
امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے قریبی اتحادی ممالک کو جدید اسلحہ اور فوجی ساز و سامان فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب 60 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کویت کو تقریباً ڈھائی ارب ڈالر مالیت کا جدید بیٹل کمانڈ سسٹم اور اس سے متعلقہ آلات فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح اسرائیل کے لیے 99 کروڑ 24 لاکھ ڈالر مالیت کے جدید پریسیژن کِل ویپن سسٹم کی فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
مزید برآں قطر کو 4 ارب ایک کروڑ ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم فراہم کیے جائیں گے، جبکہ متحدہ عرب امارات کو 14 کروڑ 76 لاکھ ڈالر مالیت کے جدید پریسیژن ویپن سسٹم کی فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت خطے میں دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اتحادی ممالک کی عسکری صلاحیت بڑھانے کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔