لبنان سے اقوام متحدہ کے امن مشن کے انخلا پر نظرثانی کی جائے۔چینی مطالبہ
چین جون میں متوقع اقوام متحدہ سیکریٹریٹ کی رپورٹ کا انتظار کر رہا ہے
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چین کے سفیرفو کانگ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو لبنان سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے انخلا کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔
فو کانگ نے کہا کہ چین جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن (یونیفِل) کے مستقبل پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں منظور کی گئی قرارداد کے تحت اس مشن کے انخلا کے فیصلے پر نظرثانی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستے 1978 میں اسرائیل کے لبنان پر حملے کے بعد سے جنوبی لبنان میں تعینات ہیں، تاہم گزشتہ برس سلامتی کونسل کے 15 اراکین نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ مشن 2026 کے اختتام تک ختم کر دیا جائے گا۔
فو کانگ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی اکثریت کی رائے ہے کہ اس وقت یونيفل کو اس علاقے سے واپس بلانے کا مناسب وقت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین جون میں متوقع اقوام متحدہ سیکریٹریٹ کی رپورٹ کا انتظار کر رہا ہے، جس کے بعد اس معاملے پر حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔