کیوبا کی امریکہ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کی مذمت

امریکہ کو کیوبا یا کسی تیسرے ملک کے خلاف پابندیاں لگانے کا کوئی حق حاصل نہیں

               
  May 2, 2026 · بام دنیا

کیوبا نے امریکہ کی نئی پابندیوں کو یکطرفہ جابرانہ اقدامات قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ وہ امریکی حکومت کی جانب سے حال ہی میں اختیار کیے گئے یکطرفہ جابرانہ اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات کیوبا کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کی نیت ظاہر کرتے ہیں۔ برونو روڈریگز نے کہا کہ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یکم مئی کو لاکھوں کیوبن شہری امریکی ناکہ بندی اور توانائی کی پابندیوں کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات غیر ملکی حدود سے باہر اثر رکھنے والے ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو کیوبا یا کسی تیسرے ملک کے خلاف ایسی پابندیاں عائد کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے کیوبا پر نئی پابندیاں عائد کیں۔