ایران کی تازہ ترین تجاویز مل گئیں، دوبارہ حملے کے امکانات موجود ہیں ، ٹرمپ
ایران نے جو کچھ کیا ہے اب تک ایران نے اس کی زیادہ بڑی قیمت ادا نہیں کی، امریکی صدر
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پر دوبارہ حملے کرنے کے امکانات موجود ہیں، ایران نے جو کچھ کیا ہے اب تک ایران نے اس کی زیادہ بڑی قیمت ادا نہیں کی۔
ٹروتھ سوشل پر بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران سے ہماری مذاکرات کی صلاحیت لامحدود ہے، آبنائے ہرمز کی ناکا بندی انتہائی دوستانہ ہے، مجھے ایران سے ڈیل کی تجویز سے آگاہ کر دیا گیا ہے، مجھے اس تجویز کے اصل الفاظ سے جلد آگاہ کیا جائے گا، جلد ہی جائزہ لوں گا، یہ سوچ نہیں سکتا کہ ایران کی تجاویز قابل قبول ہوں گی۔
امریکی صدرکا کہنا تھا کہ ایران نے جو کچھ کیا ہے اب تک ایران نے اس کی زیادہ بڑی قیمت ادا نہیں کی، ایران پر دوباہ حملے کرنے کے امکانات موجود ہیں، ہماری ایران کی ناکابندی ایک دوستانہ ناکابندی ہے۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے کہا کہ جرمنی سے 5ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکاروں کو نکال رہے ہیں، جرمنی سے 5 ہزار سے کہیں زیادہ فوجی نکال لیں گے، سپین اور اٹلی سے بھی خوش نہیں ہوں۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نےکہا تھا کہ وہ ایران سے متعلق صورتحال پر خوش نہیں، نہیں چاہتے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوں۔
دوسری طرف ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ کو پاکستان کے ذریعے نئی تجویز دے دی گئی، اب سفارت کاری یا کشیدگی اختیار کرنے کا فیصلہ امریکہ کو کرنا ہوگا۔