’پراجیکٹ فریڈم‘ کی حمایت کیلئے 15ہزار امریکی فوجی تعینات کیے جائیں گے
گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز اور 100 سے زائد طیارے تعینات کیے جائیں گے۔ سینٹ کام
امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام نے امریکی صدر کے اعلان کردہ ’پراجیکٹ فریڈم‘ کی حمایت سے متعلق تازہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج چار مئی سے اس منصوبے کی معاونت کا آغاز کریں گی، جس کا مقصد آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازرانی کی آمدورفت کو آزادنہ طور پر بحال کرنا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینٹ کام نے بتایا کہ اس مشن کے تحت 15 ہزار اہلکار، گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز اور 100 سے زائد طیارے تعینات کیے جائیں گے۔
سینٹ کام کے مطابق ’دنیا بھر کی سمندری راستے سے ہونے والی تیل کی تجارت کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ اور ایندھن و کھاد کی بڑی مقدار آبنائے ہرمز کے ذریعے منتقل کی جاتی ہے۔
سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ ’ہماری جانب سے اس دفاعی مشن کی حمایت علاقائی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے جب کہ ہم بحری ناکہ بندی کو بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آبنائے ہرمز میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔