آبنائے ہرمز: جنوبی کوریا کے مال بردار جہاز میں دھماکہ ، آگ بھڑک اٹھی

عمل محفوظ ، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، کمپنی

               
  May 4, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران/سیول: آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے ایک بڑے مال بردار بحری جہاز میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ اور جہاز رانی کی کمپنی HMM نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔

جنوبی کوریا کی معروف شپنگ کمپنی ‘ایچ ایم ایم’ (HMM) کے ترجمان کے مطابق، جہاز کے انجن روم میں اچانک آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ جہاز پر ایک دھماکہ بھی ہوا جس کے بعد انجن روم میں آگ لگی۔

حکام کے مطابق واقعے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 24 ارکان سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی باشندے،18 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام عملہ محفوظ ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت اور متعلقہ بحری حکام اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا یہ محض ایک فنی حادثہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی بیرونی مداخلت شامل ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تجارت بالخصوص تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی حساس راستہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بھی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔