پا ک بحریہ خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔امیرالبحر

نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میںکمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کے موقع پر خطاب

               
  May 6, 2026 · قومی

 

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ جدید اور انتہائی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کے لیے ایک ناگزیر اسٹریٹجک ضرورت ہے۔ پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا اجلاس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ اس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔

کانفرنس کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیوی کو روایتی اور غیر روایتی دونوں نوعیت کے بحری چیلنجز کے مقابلے کے لیے مسلسل جنگی تیاری برقرار رکھنی چاہیے۔انہوں نے مشرق وسطی ٰکی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری خطرات، بحری راستوں ، اہم سمندری تجارتی راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں اور اسٹریٹجک گزرگاہوں پر غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال کو ابھرتے ہوئے خطرات قرار دیا۔

امیرالبحرنے مزید کہاکہ پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اپنی موجودگی کے ذریعے تحفظ کا احساس فراہم کررہی ہے۔

اس موقع پر مئی 2025کی پاک بھارت جنگ میں قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ نیول چیف نے اسے قومی اتحاد اور بیرونی جارحیت کے خلاف مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔

اجلاس میں آپریشنل تیاریوں، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے بحری حکمتِ عملی کو بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر غور کیا تاکہ مختلف شعبوں میں آپریشنل تیاری کو مزید موثر بنایا جا سکے۔