ایران جنگ کے باوجود ایمریٹس ایئرلائن کے منافع میں نمایاں اضافہ ریکارڈ
دبئی ایئرپورٹ پر حملوں اور فضائی مشکلات کے باوجود ایمریٹس گروپ نے ریکارڈ منافع حاصل کیا
متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمریٹس ایئرلائن کا ایئربس A380 طیارہ۔
ایمریٹس گروپ نے ایران جنگ اور خطے میں کشیدگی کے باوجود سالانہ منافع میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق سالانہ منافع بڑھ کر 5.7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ قبل از ٹیکس منافع 6.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کمپنی کے نقد اثاثے بھی 16.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
ایمریٹس گروپ، جس میں دنیا کی سب سے بڑی لانگ ہال ایئرلائن ایمریٹس ایئرلائن شامل ہے، نے بتایا کہ مالی سال کا آخری مہینہ مارچ انتہائی مشکل اور غیر یقینی صورتحال کا شکار رہا، کیونکہ ایران جنگ کے باعث پروازیں متاثر ہوئیں اور دبئی ایئرپورٹ کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا۔
چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے اپنے بیان میں کہا کہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ گروپ کے لیے انتہائی مثبت رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ مسافروں کی گنجائش اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے کم ہے، تاہم ضروری سامان کی ترسیل کے لیے کارگو آپریشنز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔