ایران جنگ کے اثرات۔ چین کی ایلومینیم برآمدات میں 15 فیصد اضافہ

فیکٹریاں غیر ملکی آرڈرز پورے کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہیں

May 9, 2026 · کامرس

چین کی ایلومینیم کی برآمدات میں اپریل کے دوران گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث آبنائے ہرمز تقریباً بند ہے اور عالمی سطح پر اشیاء کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کسٹمز کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں بغیر ڈھلے ایلومینیم اور اس سے بنی مصنوعات کی برآمدات 5 لاکھ 98 ہزار میٹرک ٹن رہیں، جبکہ سال کے آغاز سے اب تک برآمدات 20 لاکھ 50 ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہیں۔

ماہرین پہلے ہی پیشگوئی کر رہے تھے کہ ایران جنگ کے اثرات کے باعث چین کی ایلومینیم برآمدات میں اس سال مضبوط اضافہ ہوگا۔

چین کی برآمدی ترقی اس لیے بھی تیز ہوئی ہے کیونکہ فیکٹریاں غیر ملکی آرڈرز پورے کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہیں، جبکہ خریدار جنگ کے باعث عالمی سطح پر پیداواری لاگت بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر خام مال ذخیرہ کر رہے ہیں۔