ڈیجیٹل میڈیا میں پیش رفت پر پاک،سعودی مسلسل رابطوں اور مشاورت پرزور
فہد ہارون کی پاکستان میں سعودیہ کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات
وزیرِ مملکت و معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں ڈیجیٹل میڈیا کے منظرنامے میں پیش رفت، میڈیا کے ابھرتے ہوئے رجحانات، اور مختلف شعبوں میں تعاون و روابط کے فروغ سے متعلق معاملات شامل تھے۔
گفتگو میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں میڈیا اور ابلاغ سے متعلق امور پر مسلسل رابطے اور مشاورت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی خیرسگالی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا-