جدید نظام سے لیس دورمار فتح 4 کروزمیزائل کا تجربہ

مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ اور مختلف ذیلی تکنیکی نظاموں کی جانچ کرنا تھا

تصویر: سوشل میڈیا

 

پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ ’فتح-4‘ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس فتح-4 طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ اور میزائل نظام میں شامل مختلف ذیلی تکنیکی نظاموں کی جانچ کرنا تھا تاکہ بہتر درستگی اور دفاعی صلاحیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل پروگرام سے وابستہ سائنس دانوں اور انجینیئرز نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔

صدر پاکستان، وزیرِ اعظم، چیف آف آرمی سٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس منصوبے میں شامل ماہرین اور تکنیکی عملے کی صلاحیتوں، محنت اور عزم کو سراہا۔

اس سے قبل پاکستان ’فتح-1‘، ’فتح-2‘ اور ’فتح-3‘ میزائلوں کے کامیاب تجربات بھی کر چکا ہے ۔فتح 1 اور فتح 2 وہی میزائل ہیں جو 10مئی کو ’’ آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت بھارتی فوجی ٹھکانوں پر داغے گئے تھے۔