حزب اللہ کا جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر توپ خانے سے حملہ

یہ کارروائیاں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں اور لبنانی دیہاتوں پر فضائی و زمینی حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں ، حزب اللہ

May 14, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بیروت: حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے دو اہم ٹھکانوں کو توپ خانے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

جماعت کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں اور لبنانی دیہاتوں پر فضائی و زمینی حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

حزب اللہ کے مطابق ان کے جنگجوؤں نے دو مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جن میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:25 بجے (11:25 GMT) حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کی نو قائم شدہ ‘بلاط’ نامی پوزیشن پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔

پہلے حملے کے محض 10 منٹ بعد حزب اللہ نے رصاف کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے دفاعی نوعیت کے ہیں کیونکہ اسرائیل مسلسل لبنان کی سرحد کے اندر جارحیت کر کے جنگ بندی کے معاہدوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی دفاعی حکام یا فوج کی طرف سے ان دعوؤں پر اب تک کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں تناؤ میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔