کینیا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پر تشدد احتجاج ، 4 افراد ہلاک
مظاہرین نے سڑکیں بند کیں اور ٹائر بھی جلائے ،348 افراد گرفتار
فوٹو سوشل میڈیا
نیروبی: کینیا میں ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ہڑتال حکام کی جانب سے پیٹرولیم کی قیمتیں 20 فیصد تک ریکارڈ سطح تک بڑھانے کے خلاف کی گئی۔
وزیر داخلہ کِپچومبا مرکو مین کے مطابق پرتشدد احتجاج کے الزام میں 348 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑکیں بند کیں اور ٹائر بھی جلائے۔نیروبی کے مختلف حصوں اور ملک بھر کے دیگر علاقوں میں پولیس نے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جنہوں نے جلتے ہوئے ٹائروں اور رکاوٹوں کے ذریعے سڑکیں بند کر رکھی تھیں۔
ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کی کال کے بعد ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے، جبکہ دارالحکومت نیروبی میں اہم سڑکیں بڑی حد تک خالی رہیں، کاروبار میں مندی رہی جبکہ سکولوں نے طلباءکو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایات کی۔
یاد رہے کہ کینیا، دیگر کئی افریقی ممالک کی طرح، خلیج سے ایندھن کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور 28 فروری سے شروع ہونے والے امریکہ-اسرائیل اور ایران کے تنازع کے باعث یہ ملک ایندھن کی سپلائی سے متاثر ہوا۔