جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملہ ، 4 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی
ریسکیو ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ، ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری
فوٹو سوشل میڈیا
بیروت: جنوبی لبنان کے ضلع صور میں واقع قصبے دیر قانون النہر پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (NNA) کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی جنگی طیاروں نے دیر قانون النہر میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد جائے وقوعہ سے 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق، زخمیوں میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے۔
حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ملبے تلے مزید لوگ لاپتہ ہو سکتے ہیں، جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔