بجٹ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف مشن کے قیام میں 2 روز کی توسیع

پٹرولیم لیوی، ٹیکس اہداف اور بجٹ کے دیگر اہم نکات پر بات چیت جاری

May 20, 2026 · قومی, کامرس

فائل فوٹو

 

 

 بجٹ مذاکرات کے سلسلے میں موجودہ آئی ایم ایف مشن نے پاکستان میں قیام کو مزید دو روز کے لیے بڑھا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیشتر نکات پر اتفاق ہوچکا ہے، تاہم چند اہم معاملات پر مزید بات چیت جاری ہے۔

آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے لیے پٹرولیم لیوی ہدف میں 18 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، جس کے تحت لیوی 100 روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہے اور مجموعی ہدف 1730 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں، صوبوں کو 430 ارب روپے اضافی ریونیو جمع کرنے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ وفاق کو تقریباً 2 ٹریلین روپے سرپلس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے لیے آئندہ مالی سال کا ٹیکس وصولی ہدف 15,264 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ ششماہی ہدف 7022 ارب روپے ہوگا۔ ٹیکس آڈٹ اور مختلف شعبوں سے مزید 145 ارب روپے ریکوری کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ متوقع ہے جو 2,564 ارب روپے سے بڑھ کر 2,665 ارب روپے تک جا سکتا ہے، جبکہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 986 ارب روپے اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کے لیے 2.5 ٹریلین روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے بجٹ تجاویز میں گیس اور بجلی کے نرخوں میں سال میں دو مرتبہ اضافہ، اسپیشل اکنامک زونز کی مراعات میں کمی اور دیگر ٹیکس اقدامات کی شرط برقرار رکھی ہے۔ معاشی شرح نمو 3.5 فیصد اور اوسط مہنگائی 8.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔