چین میں دنیا کا پہلا زیرآب ڈیٹا سینٹر فعال

لیانگانگ اسپیشل ایریا میں جدید سرورز اور سمندری پانی سے کولنگ کا آغاز

یہ ڈیٹا سینٹر شنگھائی کے قریب تعمیر کیا گیا

 

چین میں دنیا کا پہلا زیرآب ڈیٹا سینٹر کمرشل آپریشنز کے لیے فعال ہوگیا ہے، جہاں سرور موڈیولز سمندر کے اندر کام کر رہے ہیں۔

یہ پراجیکٹ آف شور ونڈ جنریشن کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے تاکہ زیرسمندر کمیپیوٹنگ انفرا اسٹرکچر  کے لیے بجلی کی ضروریات کم کی جا سکیں۔

یہ مرکز شنگھائی کے قریب لیانگانگ اسپیشل ایریا میں قائم ہے اور اس میں 2 ہزار سرورز موجود ہیں، جو سمندر کی سطح سے تقریباً 35 میٹر گہرائی میں واقع ہیں۔

چینی حکام اور نجی کمپنی ہائی کلاؤڈ ٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مالیت کا یہ ڈیٹا سینٹر تعمیر کیا ہے۔

یہ سرورز آرٹیفیشل انٹیلی جنس ورک لوڈز، 5 جی سروسز اور دیگر آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

روایتی ڈیٹا سینٹرز کے برعکس، اس سینٹر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے سمندری پانی استعمال کیا جائے گا، جس سے توانائی کی کھپت میں نمایاں کمی آئے گی۔

سطح زمین پر موجود ڈیٹا سینٹرز کے لیے بہت زیادہ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ یہ جدید زیرآب سینٹر توانائی بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

موجودہ دور میں زیادہ تر ویب سائٹس، ایپس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولیات ڈیٹا سینٹرز پر منحصر ہیں، اور اے آئی کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے ایسے جدید انفرا اسٹرکچر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔