وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ۔سیکریٹ سروس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور کو گولی مار دی گئی
سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے، علاقہ عارضی لاک ڈاؤن کردیا گیا،اسنائپرز تعینات، صحافی محفوظ مقام پر منتقل
وائٹ ہاؤس کے مرکزی داخلی راستے پر قائم سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے نے دارالحکومت میں ہنگامی صورتحال پیدا کردی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایک مسلح شخص نے اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کردی جس کے بعد سیکریٹ سروس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار دی۔
رپورٹس کے مطابق واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ قریب موجود ایک شہری بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، تاہم کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، البتہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار دکھائی دیتا تھا۔
فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا جبکہ اسنائپرز کو عمارت کی چھت پر تعینات کر دیا گیا۔ نارتھ لان میں موجود صحافیوں کو فوری طور پر پریس بریفنگ روم منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ شام تقریباً 6 بجے پیش آیا اور اس دوران متعدد ٹی وی چینلز لائیو نشریات کر رہے تھے، جن کے کیمروں میں فائرنگ کی آوازیں بھی ریکارڈ ہوگئیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کو آج اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے باہاماس جانا تھا مگر امریکا ایران ڈیل ہونے کا قوی امکان ہونے کی وجہ سے انہوں نے وائٹ ہاوس میں رہنے کو ترجیح دی تھی۔