وائٹ ہاؤس کے قریب سیکرٹ سروس اہلکاروں پر فائرنگ۔جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا

فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے

May 24, 2026 · بام دنیا

امریکی سیکرٹ سروس نے تصدیق کی ہے کہ وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹ سروس کے مطابق سنیچر کی شام چھ بجے کے بعد 17 ویں سٹریٹ اور پینسلوینیا ایونیو کے علاقے میں ایک شخص نے اپنے بیگ سے ہتھیار نکالا اور فائرنگ شروع کر دی۔

سیکرٹ سروس پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو نشانہ بنایا جسے ایریا ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

اہلکاروں کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ واقعے کے وقت صدر وائٹ ہاؤس میں تھے، فائرنگ کے فوری بعد وائٹ ہاؤس کے احاطے میں موجود صحافیوں کو عمارت کے اندر جانے کا کہا گیا۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق 15 سے 30 کے درمیان گولیاں چلائی گئیں اور ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک ہی بندوق بردار تھا جس نے سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں کے قریب گیا اور ان پر فائرنگ کی کوشش کی۔ ان ایجنٹوں نے پھر جوابی فائرنگ کی۔