ایران کے ساتھ ڈیل کے لیے کوئی جلدی نہیں، وقت ہمارے حق میں ہے ، ٹرمپ

ایران کے ساتھ مذاکرات "منظم اور تعمیری انداز" میں آگے بڑھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بیان

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے لیے عجلت سے کام نہیں لیں گے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پرجاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات “منظم اور تعمیری انداز” میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ معاہدے کے لیے کسی قسم کی جلدی نہ کریں، وقت ہمارے حق میں ہے اور ہمارے پاس کافی وقت موجود ہے۔

اس سے قبل گزشتہ رات اپنے ایک بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ تہران کے ساتھ ایک معاہدہ “بڑے پیمانے پر طے” پا چکا ہے، تاہم اب انہوں نے اپنے سفارت کاروں کو محتاط انداز میں آگے بڑھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ امریکی مفادات کے مطابق بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

ایران سے معاہدے تک آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی ، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جب تک کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا جاتا، تب تک آبنائے ہرمز پر امریکی بحری ناکہ بندی پوری قوت کے ساتھ برقرار رہے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکی بحری ناکہ بندی اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک دونوں ممالک کے درمیان ایک جامع معاہدہ طے، تصدیق اور دستخط نہیں ہو جاتے۔

امریکی صدر نے مذاکرات کاروں کو جلد بازی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں فریقین کو پورا وقت لینا چاہیے تاکہ ایک درست اور ٹھوس معاہدہ سامنے آ سکے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے!