حجاج کی خدمت کےلیےمزدلفہ اورجمرات میں 30 ہیلتھ یونٹ فعال

ہیلتھ یونٹس حجاج کرام کو مختلف قسم کی علاج کی خدمات فراہم کرتے ہیں

May 25, 2026 · بام دنیا

سعودی عرب کی وزارت صحت نے حج سیزن کے دوران صحت کی کوریج کو بڑھانے اور ضیوف الرحمن کے لیے طبی خدمات تک تیز رفتار رسائی کو ممکن بنانے کے لئے 30 فیلڈ ہیلتھ یونٹس کو فعال کر دیا ہے، جن میں سے 26 ہیلتھ یونٹس مشعر مزدلفہ اور 4 یونٹس جمرات اور حرم کے پورے راستے پر تقسیم کیے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نےکہا ہے کہ یہ کوششیں ہیلتھ سسٹم کے ان منصوبوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد حجاج کرام کو جامع صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنا ہے۔
یہ ہیلتھ یونٹس حجاج کرام کو مختلف قسم کی علاج کی خدمات فراہم کرتے ہیں، جن میں ہیٹ سٹروک، گرمی اور جسمانی تھکن کے معاملات سے نمٹنا، اس کے علاوہ جلد کے زخموں، رگڑ، دمہ کے دوروں اور بے ہوشی کا علاج شامل ہے۔
ان خدمات میں رینگنے والے جانوروں کے کاٹنے اور ڈسنے کے واقعات سے فوری نمٹنا بھی شامل ہے، جس سے سیزن کے دوران فیلڈ میں صحت کی صورتحال پر ردعمل کی کارکردگی کو تقویت ملتی ہے۔
ہیلتھ سسٹم نے 3000 سے زیادہ مختلف ایمبولینس گاڑیوں اور مشینوں کو کام پر لگایا ہے، اس کے ساتھ ساتھ فضائی ایمبولینس کے 11 طیارے بھی شامل کیے گئے ہیں، جو نازک کیسز پر تیز رفتار ردعمل کی مدد کے لیے ایک مربوط نظام کا حصہ ہے۔