چینی صدر کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف
امن اورکاروبار کی بحالی کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ تقریب سے خطاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن کےلئے چین کے صدر شی جنگ پنگ کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نازک مرحلے سے گز ر رہی ہے ، امن اورکاروبار کی بحالی کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا، چین نے پاکستان کی امن اور جنگ بند ی کےلئے کوششوں کی بھرپور حمایت کی ، معاملات درست سمت میں آگےبڑھ رہے ہیں۔
وہ پیرکو یہاں اپنے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں منعقدہ پروقار استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،چیف آف آرمی سٹاف ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورپاکستان اور چین کے وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے دورے کی پرتپاک دعوت پر چینی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آ پ کے عظیم ملک کا دورہ کرنا میرے لئے ہمیشہ بے حد خوشی کا باعث ہوتا ہے،جب بھی چین آتے ہیں ہمیں نئی تعمیرات اور عظیم ترقی دیکھنے کو ملتی ہے۔