مودی کے قافلے کے روٹ سے دھماکہ خیز مواد برآمد ، غفلت برتنے پر 6 اہلکار معطل
سیکیورٹی چیکنگ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران قافلے کے روٹ کے قریب سے جیلاٹن اسٹکس برآمد ہوئی تھیں۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے قافلے کے روٹ سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا جس کی تحقیقات کے بعد اب پولیس 6 اہلکاروں کو غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 10 مئی کو بنگلورو کے علاقے کگلپورا میں پیش آیا جہاں وزیر اعظم ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ وزیراعظم مودی کی آمد سے قبل معمول کی سیکیورٹی چیکنگ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران قافلے کے روٹ کے قریب سے جیلاٹن اسٹکس برآمد ہوئی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا اور واقعے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکہ خیز مواد وزیراعظم کے روٹ کے قریب کیسے پہنچا اور آیا اس کے پیچھے کوئی دانستہ کارروائی تھی یا نہیں۔