نیتن یاہو کی نئی دھمکیوں کے بعد بیروت کے نواحی علاقوں سے نقل مکانی

حزب اللہ کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا اشارہ، شہریوں میں خوف و ہراس

May 26, 2026 · بام دنیا

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی نئی دھمکیوں کے بعد شہریوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔

الجزیرہ عربی کے مطابق متعدد خاندانوں نے جنوبی بیروت کے علاقوں کو چھوڑنا شروع کردیا ہے، کیونکہ اسرائیل نے جنوبی لبنان اور مشرقی بقاع وادی میں حملے مزید تیز کردیے ہیں۔
نیتن یاہو نے پیر کے روز جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ “ہم دباؤ کم نہیں کررہے، بلکہ میں نے کہا ہے کہ مزید شدت سے کارروائی کی جائے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے بعد خطے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی ہے، جبکہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب لبنانی عوام کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی حملوں میں مزید شدت آسکتی ہے، جس کے باعث شہری محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔