پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور چین کا شراکت داری مزید گہری کرنے کا فیصلہ، مشترکہ اعلامیہ جاری

May 26, 2026 · بام دنیا

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ چین کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور چین نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیرِاعظم لی پنگ کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مئی سے 26 مئی 2026 تک چین کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جبکہ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان بھی تفصیلی مذاکرات ہوئے۔
بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک نے پاک چین ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے کے دوران پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کی اور چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کا دورہ بھی کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک چین روایتی دوستی جو مختلف نسلوں کی قیادت نے مضبوط کی، دونوں ممالک اور عوام کے لیے ایک قیمتی اثاثہ اور اسٹریٹجک سرمایہ ہے۔ 75 سالہ سفارتی تعلقات کے دوران یہ تعلق ہر عالمی و علاقائی صورتحال کے باوجود مستحکم رہا ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ اعتماد، احترام اور حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں پاک چین شراکت داری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے، اور دونوں ممالک نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کریں گے۔
دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اعلیٰ سطحی روابط جاری رکھیں گے، نئے ایکشن پلان پر پیش رفت کو یقینی بنائیں گے اور دفاعی و سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے تاکہ یہ تعلق نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا باعث بنے۔