ملکی زرمبادلہ ذخائر 22.65 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ اسٹیٹ بینک
زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیاد پر 66 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا
اسٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیاد پر 66 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 22 مئی 2026 تک پاکستان کے مجموعی مائع زرمبادلہ ذخائر 22.65 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر 17.147 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ ذخائر 5.499 ارب ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 66 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ بڑھ کر 17.147 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
تاہم کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی، جس کے بعد ان کے پاس موجود ذخائر 5 ارب 49 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہ گئے۔
زرمبادلہ ذخائر میں حالیہ مہینوں کے دوران مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت 1.3 ارب ڈالر کی قرض رقم جاری کی گئی، جبکہ پانڈا بانڈز کے اجرا سے حاصل ہونے والے 25 کروڑ ڈالر نے بھی ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔