نیتن یاہو نے لبنان کے دریائے لیتانی کو عبور کرنے کی تصدیق کر دی
اسرائیلی فوج لیتانی دریا کے شمال تک داخل، کارروائیوں میں توسیع کا امکان
اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو نے آج لبنان کی سرحد کا اچانک دورہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی فوجی دریائے لیتانی کے شمال اور شہر نبطیہ کے جنوب تک داخل ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ایک ہفتے سے اس علاقے میں اسرائیلی افواج کی کارروائیاں جاری ہیں جنہیں سینکڑوں فضائی حملوں، ڈرون حملوں اور توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج مشرقی لبنان میں نبطیہ شہر کے جنوب میں بلند مقامات پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مقامی افراد اس بات پر شدید ناراض ہیں کہ اسرائیلی افواج اپنی فوجی کارروائیوں کو مزید وسعت دے رہی ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ انہوں نے ملک کے جنوب میں قائم “یلو سکیورٹی زون” سے بھی تجاوز کر لیا ہے۔ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب لبنانی اور اسرائیلی حکومتوں کے درمیان سیکیورٹی صورتحال پر مذاکرات جاری ہیں تاکہ دونوں کے لیے قابلِ قبول حل نکالا جا سکے۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ معاہدہ کس طرح ممکن ہوگا، کیونکہ اسرائیل اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
نیتن یاہو کے دورے کے دوران دیے گئے بیان سے اشارہ ملا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں مزید بڑھ سکتی ہیں، جن میں بیروت اور مغربی بیکا پر بھی حملے شامل ہو سکتے ہیں۔