اسرائیلی پرچم جنوبی لبنان کے بیوفورٹ قلعے پر لہرا دیا گیا
جنوبی لبنان میں اسرائیلی آپریشن میں توسیع، مزید علاقوں تک پھیلنے کا اعلان
اسرائیلی نشریاتی ادارے نے جنوبی لبنان کے بیوفورٹ قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرانے کی تصاویر نشر کر دیں۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ایسی تصاویر نشر کی ہیں جن میں جنوبی لبنان کے تاریخی بیوفورٹ قلعے پر اسرائیلی پرچم اور گولانی بریگیڈ کا جھنڈا لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصاویر اسرائیلی فوج کی جانب سے بیوفورٹ رج اور وادی السلوقی کے علاقوں میں ’’وسیع پیمانے پر آپریشن‘‘ کے اعلان کے فوراً بعد نشر کی گئیں۔ فوج نے خبردار کیا کہ یہ کارروائی مزید علاقوں تک بھی پھیلائی جائے گی۔
اسرائیلی فوج نے علاقے میں موجود اپنے اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کی افواج دریائے لیتانی عبور کر چکی ہیں اور حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیاں دریا کے شمالی علاقوں تک بڑھا دی ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے جمعہ کے روز تصدیق کی تھی کہ اسرائیلی فوج دریائے لیتانی پار کر چکی ہے۔ شمالی سرحد پر ڈویژن 36 کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجی بیروت اور وادی بقاع میں بھی سرگرم ہیں اور حزب اللہ کے خلاف لبنان کے مختلف محاذوں پر وسیع کارروائیاں جاری ہیں۔