حج مشکل نہیں تھا،تصاویر بنوانے نے زیادہ تھکا دیا:وسیم اکرم
تصاویر اور ویڈیوز بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آئیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے حج کی ادائیگی کے دوران اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج ان کے لیے مشکل نہیں تھا، البتہ مسلسل تصاویر بنوانے سے زیادہ تھکن محسوس ہوئی۔
وسیم اکرم نے رواں سال سابق کپتان مصباح الحق اور ٹی وی میزبان فخرِ عالم کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی۔ اس دوران ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آئیں۔
ایک ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے حج کے دوران اپنے تجربے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی انسولین ساتھ لے کر گئے تھے، جس کے باعث انہیں صحت کے حوالے سے زیادہ دشواری پیش نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ حج ایک روحانی سفر ہے اور ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں کم از کم ایک بار یہ سعادت ضرور حاصل کرے۔ ان کے مطابق عبادت کی نیت سے آنے والوں کے لیے یہ ایک یادگار اور خوبصورت تجربہ ہوتا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ حج کے دوران انہیں سب سے زیادہ تھکن مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ منیٰ میں نماز کے بعد بھی کئی لوگ تصویر بنوانے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کا تجربہ انتہائی خوبصورت رہا اور اس موقع پر انہوں نے سب کے لیے دعائیں بھی کیں۔