آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے177 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
ڈبلن: آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 177 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم نے انتہائی پراعتماد آغاز کیا۔ آئرش بیٹرز نے پاکستانی باؤلنگ لائن کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ربیکا نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ مزاج اپنایا اور 60 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی انہیں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایمی ہنٹر نے دوسرے اینڈ سے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 56 رنز کی بہترین اور میچ وننگ اننگز کھیلی۔آئرلینڈ نے یہ میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا، جبکہ پاکستانی باؤلرز بڑے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں۔
قبل ازیں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا ایک مضبوط مجموعہ بورڈ پر سجایا۔
پاکستان کی جانب سے مایہ ناز اوپنر منیبہ علی نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز کی جاندار اننگز کھیلی۔
نوجوان بیٹر گُل فیروزہ نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 32 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔