منیٰ میں پاکستانی خدام نے 2 گمشدہ بیگ لوٹا دیئے

ساڑھے سات لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، قیمتی موبائل فونز اور اہم دستاویزات شامل

June 1, 2026 · بام دنیا

پاکستان حج مشن کے خادم الحجاج اور ’’حرم گائیڈز‘‘ ٹیم نے منیٰ میں فرض شناسی کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے ہوئے دو مختلف واقعات میں حجاج کے ساڑھے سات لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، قیمتی موبائل فونز اور اہم دستاویزات پر مشتمل گمشدہ بیگز دو روز کی تلاش کے بعد اصل مالکان کے سپرد کر دیئے ہیں۔
پہلے واقعے میں 29 مئی 2026 کو منیٰ کے مکتب 4 میں تعینات اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر مکتب صدام العابدین کو دورانِ ڈیوٹی ایک لاوارث براؤن بیگ ملا۔ کیمپ انچارج اعلیٰ سمیع، قاری عبداللہ اور سجاد کی موجودگی میں بیگ چیک کرنے پر 10,160 سعودی ریال (تقریباً 7 لاکھ 11 ہزار پاکستانی روپے)، 42,350 پاکستانی روپے، ایک عدد ایپل آئی فون، نسک کارڈ اور حاجی کا شناختی کارڈ برآمد ہوا۔

بیگ میں موجود دستاویزات کی مدد سے حاجی کی شناخت عبداللہ مہر کے نام سے ہوئی، جو بلڈنگ نمبر 924 (روم نمبر 401) میں مقیم ہیں۔ پاکستان حج مشن کے عملے نے دو دن کی تگ و دو کے بعد مذکورہ حاجی سے رابطہ کیا اور ان کی بلڈنگ میں جا کر تمام نقد رقم، فون اور کارڈز تصدیق کے بعد ان کے حوالے کیے۔

دوسرے واقعے میں’’حرم گائیڈ‘‘ کی ٹیم کو منیٰ میں ایک اور حاجی کا گمشدہ بیگ ملا، جس میں ان کا قیمتی موبائل فون اور اہم سفری کارڈز موجود تھے۔ یہ بیگ اس وقت گم ہوا جب مذکورہ حاجی وضو کرنے کے دوران وہاں بھول آئے تھے، جس کے باعث وہ دو گھنٹے تک شدید پریشان رہے۔
حرم گائیڈ کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حاجی کو تلاش کیا اور ان کا فون اور کارڈز بحفاظت ان کے سپرد کیے۔ امانت کی واپسی پر حاجی نے حرم گائیڈ ٹیم کی مخلصانہ خدمات اور فرض شناسی کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔