عید کی تعطیلات میں پُرسکون لاہور پر پی ٹی آئی رہنما کی تنقید کا شدید ردعمل
باہر سے آنے والوں نے لاہور کو برباد کیا۔مراد راس
عید کی تعطیلات کے دوران لاہور بہت پُرسکون رہا۔ خاص طور پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔ سابق صوبائی وزیر مراد راس نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تحریر کیا کہ لاہور کو برباد کرنے والے وہ لوگ ہیں جو باہر سے آئے۔
ان کے اس جملے پر صارفین نے شدید ردعمل دیا اور سوال کیا کہ ’’کیا باہر سے آنے والے پاکستانی نہیں؟‘‘ سابق وزیر فواد چوہدری نے لکھا کہ ’’تمام بڑے شہر اس لیے زندگی سے بھرپور ہوتے ہیں کیونکہ انھیں باہر سے آنے والوں نے تعمیر کیا ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کم ٹریفک صرف تعطیلات میں ہی اچھی ہوتی ہے۔
مراد راس 2013 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لاہور کے حلقے پی پی 152 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور 2018 میں پی پی 159 سے دوبارہ رکن منتخب ہوئے۔ اسی دوران انہیں پنجاب کا وزیر تعلیم بھی مقرر کیا گیا۔
نو مئی 2023 کے بعد صورتحال کے پیش نظر مراد راس نے 26 مئی 2023 کو تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے مراد راس کے بیان پر تبصرے کرتے ہوئے ان کی وزارت اور سابقہ کارکردگی کا بھی ذکر کیا۔