صومالی قزاقوں کے ہاتھوں 10 پاکستانی 42 روز سے یرغمال
قزاق انہیں بحری جہاز پر ٹینک کا گندا اور زرد پانی پینے پر مجبور کر رہےہیں
صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانیوں کو 42 دن گزر جانے کے باوجود رہائی نہ مل سکی، جبکہ یرغمالی یاسر خان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
ویڈیو میں یاسر خان نے بتایا کہ قزاق انہیں بحری جہاز پر ٹینک کا گندا اور زرد پانی پینے پر مجبور کر رہے ہیں، جبکہ روزانہ صرف ایک بار ابلے ہوئے چاول دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر مدد نہ ملی تو ان کی زندگی زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔
یرغمالی نے مزید الزام لگایا کہ شپنگ کمپنی قزاقوں سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہی۔
دوسری جانب مغوی انجینئر حسین یوسف کی اہلیہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ رہائی کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوہر سے آخری بات تین روز قبل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے جہاز کا انجن خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔
اہلیہ کا کہنا ہے کہ بچے روز پوچھتے ہیں کہ ان کے والد کب گھر واپس آئیں گے۔