پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر پر انڈیا کو تکلیف
جموں و کشمیر اور لداخ انڈیا کے اٹوٹ اور ناقابلِ تنسیخ حصے ہیں ، ترجمان بھارتی وزارتِ خارجہ
فائل فوٹو
نئی دہلی: بھارت نے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر کو ’مسترد‘ کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کا ’اندرونی معاملہ‘ قرار دیا ہے۔
منگل کو انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ’ہم مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر جیسے انڈیا کے اندرونی معاملات کے بلاجواز حوالہ جات کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ انڈیا کے اٹوٹ اور ناقابلِ تنسیخ حصے ہیں۔
خیال رہے گذشتہ روز پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کلاس سے ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں جموں و کشمیر کا بھی ذکر تھا اجلاس میں ’پاکستان نے جموں و کشمیر کے معاملے پر بریف کیا، جبکہ یورپی یونین نے یوکرین کے خلاف روسی کی جنگ پر بریفنگ دی۔ فریقین نے بات چیت، سفارتکاری اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان تنازعات کے پرامن حل کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔
پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے کے اس حصے پر تنقید کرتے ہوئے انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’جو افراد یا فریق ایسے معاملات میں کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے انھیں چاہیے کہ اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔‘