کوہستان اسکینڈل،نیب نے 6 ارب روپے کے اثاثے خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کردیے

اثاثوں میں نقد رقم، سونا، قیمتی جائیدادیں اور لگژری گاڑیاں شامل

June 2, 2026 · قومی

فائل: فوٹو

اسلام آباد: نیشنل احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں 6 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دیے ۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے پشاور میں یہ اثاثے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے حوالے کیے۔ پہلے مرحلے میں منتقل کیے گئے اثاثوں میں نقد رقم، سونا، قیمتی جائیدادیں اور لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔

نیب کے مطابق یہ ریکوری منظم اور جامع تحقیقات کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔ ادارے کے مطابق کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں سرکاری فنڈز سے 37 ارب روپے سے زائد کا غبن کیا گیا تھا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ پیچیدہ مالیاتی غبن کو مؤثر تحقیقات کے ذریعے بے نقاب کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی نیب خیبرپختونخوا فرمان اللہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیس میں مزید ریکوری کا عمل جاری ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید اثاثے بھی خیبرپختونخوا حکومت کو منتقل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل قومی امانت ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

اسی موقع پر کوہستان اسکینڈل کو منظر عام پر لانے پر سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ چیئرمین نیب نے انہیں خصوصی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ پیش کیا۔