کوٹ ادو: ادلے کا بدلہ، واپڈا نے ڈی سی آفس کا میٹر کاٹا، ڈی سی نے واپڈا آفس سیل کر دیا
دونوں محکموں کے اعلیٰ حکام نے معاملے کا نوٹس لے لیا، پسِ پردہ معاملات کو سلجھانے کیلیے مذاکرات جاری
فائل فوٹو
کوٹ ادو: ضلعی انتظامیہ اور میپکو (واپڈا) کے درمیان ٹھن گئی ۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر واپڈا حکام نے پبلک سروس کی پرواہ کیے بغیر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس کی بجلی کاٹ دی، جس کے جواب میں ڈی سی صاحب نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے واپڈا کے دفتر کو ہی سیل کروا دیا۔ دونوں اداروں کی اس کھینچا تانی نے شہر میں سنسنی پھیلا دی۔
ذرائع کے مطابق کوٹ ادو کے ڈی سی آفس کے ذمے واپڈا کے لاکھوں روپے کے واجبات واجب الادا تھے۔ بار بار نوٹسز کے باوجود بل جمع نہ ہونے پر واپڈا کی ٹیم نے سخت موقف اپناتے ہوئے ڈی سی آفس کا بجلی کا میٹر اتار دیا۔
کوٹ اددو واپڈا والوں نے ڈی سی آفس کا بل ادا نہ ہونے پہ میٹر کاٹ دیا۔ ڈی سی صاحب نے واپڈا آفس کو سیل کر دیا۔ pic.twitter.com/1VKbQCBW0E
— Mazhar Barlas (@mazhar_barlas) June 2, 2026
بجلی منقطع ہونے پر ضلعی انتظامیہ شدید برہم ہو گئی۔ ڈی سی کوٹ ادو نے مبینہ طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بلڈنگ قوانین، تجاوزات یا دیگر محکمانہ ضوابط کو جواز بنا کر اسسٹنٹ کمشنر اور بھاری پولیس نفری کے ہمراہ واپڈا آفس پر چھاپہ مارا اور موقع پر ہی واپڈا کے مرکزی دفتر کو تالے لگا کر سیل کر دیا۔
سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام شہری کا میٹر کٹے تو وہ بے بس ہوتا ہے، لیکن یہاں “بڑے” آپس میں ہی ٹکرا گئے۔
سرکاری اداروں کی اس لڑائی سے دونوں محکموں کے روزمرہ کے دفتری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس کا خمیازہ بالاخر عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں محکموں کے اعلیٰ حکام نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور پسِ پردہ معاملات کو سلجھانے اور بجلی کی بحالی سمیت دفتر کو ڈی سیل کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔