دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے ہرا دیا

232 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم 190 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

June 3, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور: آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا، 232 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم 190 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا کر گرین شرٹس کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا۔

 232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 58 رنز پر اپنی 5 اہم وکٹیں گنوا بیٹھی، شاداب خان کی مزاحمت بھی ٹیم کو فتح نہیں دلواسکی۔

شاداب خان نے انتہائی مشکل حالات میں 104 گیندوں پر 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 1 چوکا اور 3چھکے شامل تھے۔

پاکستان کو میچ جیتنے اور سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لیے 232 رنز درکار تھے ، تاہم آسٹریلوی بولرز نے ابتدا ہی سے میزبان ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت  نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن اننگز کے پہلے ہی اوور میں آسٹریلیا کو بڑی کامیابی مل گئی، معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد بابر اعظم  کریز پر آئے، دوسرے اوور میں صاحبزادہ فرحان بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور غازی غوری نے محتاط انداز میں اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ غازی غوری نے میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے جبکہ بابر اعظم نے بھی چند خوبصورت شاٹس کے ذریعے اسکور آگے بڑھایا۔

بابر اعظم نے 16 رنز کی مختصر اننگز کھیلی جس میں دو چوکے شامل تھے تاہم نیتھن ایلس کی ایک اندر آتی ہوئی گیند ان کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی۔ آسٹریلیا کی زوردار اپیل پر امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا، جس کے بعد بابر نے ریویو لیا لیکن بال ٹریکنگ میں گیند وکٹوں سے ٹکراتی دکھائی گئی اور یوں پاکستان کو تیسرا بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کریز پر آئے، لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، اور  7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد عبدالصمد بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 53 اور کپتان جوش انگلس 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، میٹ رینشاء نے 43 رنز کی اننگ کھیلی۔

مہمان ٹیم کے اولیور پیک 31، میتھیو شارٹ 15، مارنوش لبوشیان ، میتھیو کیونمین اور نیتھ ایلس 5،5 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ ایلکس کیری کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، عرفات منہاس ، ابرار احمد اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔