غزہ کے 6 لاکھ گھرانوں کا ذاتی ڈیٹا سائبر حملے میں افشا
فلسطینی امدادی رجسٹریشن ایپ سے حساس معلومات لیک ہونے کا انکشاف
ورلڈ فوڈ پروگرام نے غزہ کی پٹی میں رہنے والے 6 لاکھ فلسطینی خاندانوں کو آگاہ کیا ہے کہ ان کی ذاتی معلومات ایک “سیکیورٹی سے متعلق واقعے” کے دوران افشا ہو گئی ہیں، جیسا کہ خبر رساں ادارے دی نیو ہیومینٹیرین نے رپورٹ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ڈیٹا ایک “سیلف رجسٹریشن ایپلی کیشن برائے فلسطین” سے حاصل کیا گیا، جہاں افراد تصدیق کے بعد خوراک اور نقد امداد حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ معلومات “غیر مجاز عناصر” تک پہنچ گئیں جن میں نام، شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبرز کے ساتھ ساتھ لوکیشن ڈیٹا بھی شامل تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی کے بیشتر فلسطینی خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے امدادی پروگراموں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں، جو اسرائیلی محاصرے کے باعث مزید شدید ہو گیا ہے، اور جنگ کے دوران صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔