پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں جون میں دو بار مدمقابل ہوں گی
گرین شرٹس 23 اور 26جون کو بھارت کا سامنا کریں گے
فائل فوٹو
پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ لندن میں دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں گی۔ روایتی حریفوں کے درمیان 23 اور 26 جون کو شیڈول میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
میچز کی تیاری کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے شیڈول کے تحت قومی ٹیم 9 جون کو بیلجیم روانہ ہوگی۔
پاکستانی ٹیم 13 جون کو بیلجیم اور 14 جون کو اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی، 19 جون کو بیلجیم اور 20 جون کو اسپین کے خلاف دوسرا میچ کھیلے گی۔ یہ میچز پہلے 16 اور 17 جون کو شیڈول تھے۔
آخری راؤنڈ کھیلنے کے لیے قومی ٹیم 21 جون کو بیلجیم سے لندن روانہ ہوگی۔ گرین شرٹس 23 جون کو بھارت کا سامنا کریں گے ، 24 جون کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔ 26 جون کو پاکستان اور بھارت دوبارہ مدمقابل آئیں گے۔
اس کے بعد قومی ٹیم لیگ کے آخری میچ میں 27 جون کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
اب تک پرو ہاکی لیگ میں کھیلے گئے تمام آٹھ میچز میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بغیر کسی پوائنٹ کے قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔
پرو ہاکی لیگ میں اپنی جگہ برقرار رکھنا پاکستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ واضح رہے کہ لیگ کی 9 ٹیموں میں سے ہر سال سب سے نیچے رہنے والی ایک ٹیم کو باہر کر دیا جاتا ہے۔