اقوام متحدہ سلامتی کونسل انتخابات،اسرائیل کا حمایتی جرمنی ناکام
پرتگال اور آسٹریا نے زیادہ ووٹ حاصل کرکے یورپی ممالک کے لیے مختص دو نشستیں اپنے نام کر لیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں جرمنی کو سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پرتگال اور آسٹریا نے زیادہ ووٹ حاصل کرکے یورپی ممالک کے لیے مختص دو نشستیں اپنے نام کر لیں۔
رپورٹس کے مطابق 193 رکن ممالک میں سے جرمنی کو 104 ووٹ ملے، جبکہ پرتگال نے 134 اور آسٹریا نے 131 ووٹ حاصل کیے۔
انتخابی نتائج کے بعد جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان ویڈفل نے کہا کہ یوکرین اور اسرائیل کے حوالے سے جرمنی کے واضح مؤقف نے بعض ممالک کی حمایت متاثر کی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع میں جرمنی کی اسرائیل کے لیے تاریخی ذمہ داری بھی کچھ ووٹوں کے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
دوسری جانب افریقی خطے کی نمائندگی کے لیے زمبابوے اور کیریبین خطے کے لیے ٹرینیداد اور ٹوباگو بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
ایشیائی نشست کے لیے مقابلے میں کرغزستان نے فلپائن کو واضح اکثریت سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
منتخب ہونے والے ممالک جنوری 2027 سے دو سال کے لیے سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشستیں سنبھالیں گے۔