جب سیٹ 40 کروڑ میں بکے تو کون الیکشن میں حصہ لے گا ، محمود خان اچکزئی

2024 کے انتخابات نیلام ہوئے، حقِ حکمرانی عوام کو ملنا چاہیے، پریس کانفرنس

June 4, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

کوئٹہ : سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 2024 کے الیکشن نیلام ہوئے تھے جب سیٹ 40 کروڑ روپے میں بکے گی تو کون الیکشن میں حصہ لے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے اس مٹی سے وفا اور محبت کی ہے، لیکن معلوم نہیں حکمران ملک کو کس طرح چلا رہے ہیں، پاکستان کو چلانے کے لیے حقِ حکمرانی عوام کو دینا ہوگا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 28ویں ترمیم بہت بڑی غلطی ہوگی، پہلے ہی آئین کا بیڑا غرق کیا جا چکا ہے، اگر آئین اور حلف پر عمل کیا جائے تو پاکستان دنیا کا بہترین ملک بن سکتا ہے، اور جس علاقے سے معدنیات نکلیں وہاں کے لوگوں کا حق تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کہتے کہتے ہم تھک گئے ہیں، ان سے ملاقات پر پابندی ہے اور ان کی بہنوں کو بھی ملنے نہیں دیا جا رہا۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان جنگ ہوئی تو پاکستان اور افغانستان بھی متاثر ہوں گے، اس لیے افغانستان، پاکستان اور ایران کو مل کر اتحاد بنانا چاہیے۔