پاکستان خودمختار ملک ہے۔ چین کے زیر اثر نہیں۔پیوٹن کا بھارتی صحافی کو دوٹوک جواب
ایران بحران کے حل میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ روسی صدر
سینٹ پیٹرزبرگ اکنامک فورم کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان سے متعلق منفی تاثر دینے والے بھارتی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا اور دو ٹوک جواب دیا۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان چین کے زیر اثر ہے، کیونکہ پاکستان ایک بڑا اور خودمختار ملک ہے جس کے مختلف ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے درمیان فوجی شعبے میں تعاون ایک طویل عرصے سے جاری ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔
ایران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پیوٹن نے کہا کہ روس کے ایران کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں اور ماسکو خطے کے بحرانوں کے حل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس نے حالیہ عرصے میں 2 ہزار 440 مربع کلومیٹر علاقے پر کنٹرول حاصل کیا ہے، تاہم روس یوکرین کے ساتھ مذاکرات اور پرامن حل کے لیے بھی آمادہ ہے۔