ماؤنٹ ایورسٹ پر معجزہ: مردہ سمجھا گیا گائیڈ 6روز بعد مل گیا

ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کی جانب رینگتے ہوئے آتا دیکھا گیا

June 5, 2026 · بام دنیا

دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر چھ روز قبل لاپتہ ہونے والے ایک نیپالی کوہ پیما گائیڈ، جنھیں مردہ تصور کر لیا گیا تھا، زندہ حالت میں مل گئے ہیں۔

لاپتہ ہونے کے چھ روز بعد انھیں ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کی جانب رینگتے ہوئے آتا دیکھا گیا، جس کے بعد انھیں ریسکیو کر لیا گیا۔

دوا شیرپا نامی اس نیپالی گائیڈ کو آخری بار ماؤنٹ ایورسٹ کے کیمپ تھری سے اُوپر، تقریباً 7,500 میٹر کی بلندی پر اُس وقت دیکھا گیا تھا جب وہ چوٹی سر کرنے کے بعد واپس نیچے اُتر رہے تھے۔ تاہم اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گئے۔

اتنی بلندی پر ہوا میں آکسیجن انتہائی کم ہونے کی وجہ سے اُن کے زندہ رہنے کی اُمید نہ ہونے کے برابر تھی، مزید یہ کہ انھیں لاپتہ ہوئے ایک، دو روز نہیں بلکہ چھ روز ہو چکے تھے۔

تاہم جمعرات (چار جون) کو ماؤنٹ ایورسٹ پر صفائی کے کام پر معمور عملے کے اراکین نے اِس تجربہ کار کوہ پیما گائیڈ کو اُس وقت دیکھا جب وہ اپنے ہاتھوں پر فراسٹ بائٹ کے باوجود آہستہ آہستہ نیچے بیس کیمپ کی جانب سِرک رہے تھے۔

تلاش اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والی کمپنی ’8K ایکسپیڈیشنز‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پیمبا شیرپا نے کہا کہ ’دوا شیرپا نے تمام تر مشکلات کے باوجود ماؤنٹ ایورسٹ پر کئی روز تک زندہ رہ کر دکھایا ہے۔ یہ کسی معجزے سے کم نہیں۔ یہ ایک حقیقی سیلف ریسکیو ہے۔